سرینگر///
جموںکشمیر کی گرمائی راجدھانی سرینگر کے راجباغ علاقے میں جمعے کے روز آگ کی واردات کے دوران دو رہائشی مکان، ہوٹل عمارت اور گودام کو نقصان پہنچا جبکہ آگ بجھانے کی کارروائی کے دور ان دو فائر مین زخمی ہوئے ۔
اطلاعات کے مطابق سرینگر کے راجباغ علاقے میں جمعے بعد دوپہر اُس وقت سراسیمگی پھیل گئی جب رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل کئی ڈھانچوں کو لپیٹ میں لے لیا۔
فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں کی کارروائی کے نتیجے میں گر چہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات کے دوران ڈرگ سٹور‘دو رہائشی مکان اور ایک ہوٹل عمارت کو نقصان پہنچا۔
معلوم ہوا ہے کہ آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران دو فائرمین زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ راجباغ سری نگر میں آگ کی واردات رونما ہونے کے ساتھ ہی متعدد فائر ٹینڈر جائے موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔
عہدیدار نے کہاکہ آگ کی اس واردات کے دوران رہائشی مکان خاکستر ہوا جبکہ دو مکانوں ، ہوٹل عمارت کو جزوی طورپر نقصان پہنچا۔اُن کے مطابق پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔