سرینگر//
جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے یاری پورہ میں جمعے کی صبح اُس وقت سراسیمگی پھیل گئی جب مشتبہ انفکیشن پھوٹنے سے ایک چھ سالہ بچی کی موت جبکہ کئی دیگر بیمار پڑ گئے ۔
دریں اثنا حکام نے طبی ٹیموں کو مذکورہ گاؤں روانہ کر دیا ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ کولگام کے یاری پورہ علاقے میں وبائی بیماری پھوٹنے سے ایک کمسن بچی کی جے وی سی ہسپتال سرینگر میں موت واقع ہوئی ہے جبکہ کئی دیگر بیمار پڑ گئے ہیں۔انہوں نے کہا’’کچھ بچوں کو علاج و معالجے کیلئے سرینگر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے ایک کی حالت نازک بنی ہے ‘‘۔متوفی بچی کی شناخت ماریہ گلزار کے بطور ہوئی ہے ۔
دریں اثنا متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ نمونے حاصل کرنے کیلئے ایک طبی ٹیم کو مذکورہ گاؤں روانہ کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ متاثرین میں ادویات بھی تقسیم کی جا رہی ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گر چہ انتظامیہ کی جانب سے بیماری کے بارے میں ابھی تک واضح طورپر کچھ نہیں کہا گیا لیکن باور کیا جارہا ہے کہ علاقے میں ہیپٹائٹس کی بیماری پھوٹ پڑی ہے تاہم سینئر عہدیدار نے بتایا کہ لیبارٹری سے رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی اس بارے میں کچھ کہا جاسکتا ہے ۔