جموں/۶دسمبر
وائٹ نائٹس کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی اوسی) لیفٹیننٹ جنرل منجندر سنگھ نے منگل کے روز سندر بنی راجوری اور اکھنور سیکٹر کا دورہ کیا اور وہاں پر تعینات فوجی آفیسران کے ساتھ گفت وشنید کی۔
اس موقع پر فوجی کمانڈر نے کہاکہ دراندازی کی کوششوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی جاری رہے گی۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ وائٹ نائٹس کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل منجندر سنگھ نے منگل کے روز سندر بنی راجوری اور اکھنور سیکٹر کا دورہ کیا۔
فوج کے سینئر آفیسران نے جی او سی کو آپریشنل تیاریوں، سیکورٹی انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن اور اندرونی سیکورٹی معاملات پر بریفنگ دی۔
وائٹس نائٹس کور کے کمانڈر نے اگلے علاقوں میں آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس دوران وہاں تعینات فیلڈ فارمیشن کمانڈروں اور فوجیوں کے ساتھ بات چیت بھی کی۔انہوں نے کہا” دراندازی کی کوششوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی جاری رہے گی“۔
لیفٹیننٹ جنرل سنگھ نے کہا کہ بھارتی فوج دشمنوں کے کسی بھی مس ایڈونچر اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہے ۔اُن کے مطابق سرحدوں پر تعینات افواج سخت موسمی صورتحال کے باوجود بھی اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔
کور کمانڈر نے مزید بتایا کہ امسال پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر دراندازی کی متعددکوششوں کو ناکام بنایا گیا جس دوران کئی دراندازوں کو بھی ہلاک کیا گیا۔
فوجی کمانڈر کا کہنا ہے کہ سرحدوں پر تعینات افواج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح سے تیار ہیں۔