کوٹا// کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی بھی راہل گاندھی کی ‘بھارت جوڑو یاترا’ میں شامل ہو سکتی ہیں اور اس کے لیے ان کے کوٹا آنے کا امکان ہے ۔
کوٹا سٹی کانگریس کے صدر رویندر تیاگی نے آج بتایا کہ محترمہ سونیا گاندھی 8 دسمبر کی شام یا 9 دسمبر کی صبح کوٹا آ سکتی ہیں اور یہاں پر ‘بھارت جوڑو یاترا’ میں حصہ لے سکتی ہیں۔ محترمہ سونیا گاندھی کی سالگرہ 9 دسمبر کو ہے اور وہ اپنی سالگرہ بیٹے راہل گاندھی کے ساتھ منا سکتی ہیں۔
مسٹر راہل گاندھی کا 8 دسمبر کو کوٹہ سے جھالواڑ کا سفر کرتے ہوئے جگ پورہ میں رات کے قیام کا پروگرام ہے اور اگلے دن 9 دسمبر کو وہ ضلع بوندی کے لیے روانہ ہوں گے اور اس دن وہ نیا پورہ علاقے میں واقع امید کلب میں دوپہر کا کھانا کھائیں گے ۔ 9 دسمبر کو کیشاورائی پاٹن کے قریب گڈلی پھاٹک میں رات کا قیام کریں گے ۔
مسٹر تیاگی نے بتایا کہ ‘بھارت جوڑو یاترا ‘میں شامل ہونے کے لئے محترمہ سونیا گاندھی کے کوٹہ آنے کے پروگرام کے پیش نظر وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت 8 دسمبر کو کوٹا آ سکتے ہیں اور ‘بھارت جوڑو یاترا’ میں محترمہ سونیا گاندھی کے ساتھ شامل ہوں گے ۔ ان کے علاوہ، اس دن ‘ بھارت جوڑو یاترا ‘میں کئی دیگر کانگریسی لیڈروں کے بھی شامل ہونے کی امید ہے ، جن میں ریاستی کانگریس صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا ، چند مرکزی قائدین اور ریاستی کانگریس کے سینئر لیڈران اور وزراء شامل ہیں۔
حالانکہ محترمہ سونیا گاندھی نے ابھی تک اس سلسلے میں کوئی حتمی پروگرام نہیں بنایا ہے ، لیکن محترمہ سونیا گاندھی کے دورہ کوٹا اور راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا میں شرکت کے حوالے سے آج شام یا کل کوئی فیصلہ کیا جا سکتا ہے ۔ مسٹر تیاگی نے بتایا کہ اگر محترمہ گاندھی کوٹا آتی ہیں تو 9 دسمبر کو ان کا یوم پیدائش کوٹا میں ہی منایا جائے گا۔
واضح رہے کہ راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا 4 دسمبر کو مدھیہ پردیش سے ضلع جھالواڑ کے چنوالی کے راستے راجستھان میں داخل ہوگی۔ اس دن مسٹر راہل گاندھی چنولی میں ہی رات کا آرام کریں گے اور چیف منسٹر اشوک گہلوت نے جمعہ کے روز وہاں کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ نکڑ سبھا 6 دسمبر کو ہیریاکھیڈی میں منعقد ہوگی۔