جموں//یہاں بھگوتی نگر میں واقع انڈور اسپورٹس کمپلیکس کے باہر تیز رفتار کار کی زد میں آکر پنجاب سامبو ٹیم کے کم از کم نو کھلاڑی زخمی ہوگئے۔ پولیس نے ہفتہ کو یہ جانکاری دی۔
پولیس نے بتایا کہ پنجاب ٹیم کے کھلاڑی، جو جمعہ کی شام بھگوتی نگر انڈور اسپورٹس کمپلیکس میں جاری نیشنل سامبو چیمپئن شپ میں حصہ لینے کے لیے پہنچے تھے، اسپورٹس کمپلیکس کے باہر بس میں سوار ہونے کا انتظار کر رہے تھے کہ ایک کار نے انہیں ٹکر مار دی۔
پولیس نے بتایاکہ "نو کھلاڑیوں میں سے ایک شدید زخمی ہے اور اسے پنجاب کے ایک اسپتال میں ریفر کیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ صبح اطلاع ملنے پر کھلاڑیوں کے والدین جموں پہنچے اور ان کی رضامندی سے زخمی کھلاڑی پڑوسی ریاست میں اپنے آبائی شہر روانہ ہوگئے۔
پولیس نے کہاکہ "کار کا ڈرائیور پریانشو سنگھ ہے، جو جموں کے پھلیان منڈل کا رہنے والا ہے۔ وہ نشے کی حالت میں تھا اور اسے فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کے سلسلے میں مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔