واشنگٹن//
امریکا میں دوران پرواز طیارے کا دروازہ کھولنے کی کوشش کرنے والی خاتون کو گرفتار کرلیا گیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکا میں نجی ائیرلائن کا طیارہ ہیوسٹن سے کولمبس جارہا تھا کہ ایک خاتون مسافر نے دوران پرواز طیارے کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی۔ ایک اورمسافر نے خاتون کو روکنے کی کوشش کی تو اس نے روکنے والے مسافر کی ٹانگ پر کاٹ لیا۔
طیارے کے عملے نے مسافروں کی مدد سے خاتون پر قابو پایا۔ خاتون کی اس حرکت کے باعث طیارے کو آرکنساس میں ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی۔خاتون کو آرکنساس کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں غیبی آواز نے فضا میں موجود طیارے کا دروازہ کھولنے کا کہا تھا۔
خاتون کو طیارے کے عملے اور مسافروں پرحملے اور دیگر الزامات کا سامنا ہے جس پر سزا کے لیے کارروائی جاری ہے۔