الریاض//
سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے جدہ میں منعقدہ کابینہ اجلاس میں تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، مقدس مقامات اور سعودی عرب کی سرحدوں پر حجاج کرام کی خدمت کے لیے سکیورٹی، حفاظتی اور انتظامی منصوبوں کو اعلیٰ ترین درجے کی مہارت اور بہترین نظم و ضبط کے ساتھ نافذ کریں۔
انہوں نے حجاج کی آمد میں سہولت کے لیے ’روڈ ٹو مکہ‘ منصوبے پرکام جاری رکھنے پر بھی زور دیا۔ ولی عہد نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے دنیا بھر سے آنے والے حجاج کو خوش آمدید کہا اور اس عظیم خدمت پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ اس نے اس سرزمین کو اپنے گھر اور رسول ﷺ کی مسجد کی خدمت کا اعزاز بخشا۔
اجلاس میں سوڈان کی بگڑتی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ وہاں فوری جنگ بندی ہو، تاکہ مزید تباہی اور انسانی المیہ روکا جا سکے۔
سعودی کابینہ نے واضح کیا کہ اس بحران کا حل صرف ایک سیاسی، سوڈانی قوتوں کے درمیان بات چیت سے ممکن ہے، جو ملک کی خودمختاری اور اتحاد کا احترام کرتے ہوئے ریاستی اداروں کی حمایت پر مبنی ہو۔
سعودی کابینہ نے ایک مرتبہ پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے سعودی عرب عالمی سطح پر اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ معصوم شہریوں کا تحفظ، امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنائے گا اور دو ریاستی حل کی جانب پیش رفت ہی دیرپا امن کی بنیاد ہے۔