جموں///
جموں کشمیر کے ضلع پونچھ کے بھاٹا دوریاں جنگلی علاقے میں درمیانی شب فائرنگ کے بعد سیکورٹی فورسز نے مزید کئی علاقوں کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے جبکہ جموں پونچھ شاہراہ کو دوبارہ ٹریفک کی نقل و حمل کیلئے بند کردیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق پونچھ کے بھاٹا دوریاں جنگلی علاقے میں تلاشی آپریشن کے بیچ جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب گولیاں اور دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔
ذرائع نے بتایا کہ جنگلی علاقے میں پچھلے ایک ہفتے سے لگاتار آپریشن جاری ہے اور فوج کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی ہے کہ جنگل میں ملی ٹینٹ موجود ہو سکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے بھاٹا دوریاں کے ساتھ ساتھ دوسرے جنگلی علاقوں میں بھی تلاشی آپریشن شروع کیا ۔معلوم ہوا ہے کہ فوج کی اضافی کمک کو جنگل کی اور روانہ کیا گیا ہے ۔
دریں اثنا دفاعی ذرائع نے پونچھ کے بھاٹا دوریاں جنگلی علاقے میں ملی ٹینٹ مخالف آپریشن کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں آپریشن ہنوز جاری ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد جنگلی علاقے کو محاصرے میں لیا۔
ذرائع کے مطابق جنگلی علاقے میں گولیاں چلنے کی آوازیں سنائی دیں ہیں جس کے پیش نظر پونچھ جموں شاہراہ کو دوبارہ بند کیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ مقامی لوگوں کوآگاہی فراہم کی گئی کہ وہ فی الحال جنگلی علاقے کی اور جانے سے پرہیز کریں کیونکہ وہاں پر سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے ۔