جموں/25نومبر
جموں وکشمیر کے ضلع کٹھوعہ کے بلاور علاقے میں گیارہویں جماعت میں زیر تعلیم تین طالب علموں کی لاشیں برآمد ہوئی۔
معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ طالب علم گزشتہ روز پُراسرار طور پر لاپتہ ہو گئے تھے ۔
اطلاعات کے مطابق جموں کے کٹھوعہ ضلع کے بلاور علاقے میں جمعے کے روز اُس وقت سراسیمگی دوڑ گئی جب یہاں پر تین طالب علموں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔
ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ طالب علم جمعرات کے روز گھر سے اسکول کی طرف گئے اور جب دیر رات تک وہ گھر نہیں پہنچے تو اہل خانہ نے پولیس میں گمشدگی کی رپورٹ درج کی۔
ذرائع نے بتایا کہ جمعے کے روز پولیس نے لاپتہ طالب علموں کی تلاش شروع کی اور بعد دوپہر بلاور کے بینی دریا کے نزدیک لاپتہ طالب علموں کی لاشیں برآمد کی گئی۔
متوفین کی شناخت شیتل کمار ولد اجیت کمار،پنکج شرما ولد رومیش چندر اور پنکج شرما ولد روشن لال کے بطور ہوئی ہے ۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں کی کیسے موت واقع ہوئی اس کی جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ طبی اور قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد لاشیں وارثین کے سپرد کی جائے گی۔