سرینگر//
دارالحکومت سرینگر کے تجارتی مرکز لالچوک سمیت کئی علاقوں میں پیر کے روز سیکورٹی فورسز نے ناکے لگا کر گاڑیوں اور راہگیروں کو روک کر ان کی تلاشی لی۔
نامہ نگار نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز اہلکاروں نے سرینگر کے لالچوک اور دیگر علاقوں میں عارضی ناکے لگائے اور وہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو روک کر ان کی اور ان میں سوار لوگوں کی تلاشی لے رہے تھے ۔
نامہ نگار نے بتایا کہ فورسز اہلکار راہگیروں کو بھی روک کر ان کی جامہ تلاشی لے رہے تھے اور ان سے پوچھ گچھ بھی کر رہے تھے ۔
ان کے مطابق لالچوک کے ساتھ ساتھ آس پاس علاقوں میں بھی سیکورٹی فورسز کی اضافی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جہاں پر راہگیروں اور مسافروں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے جار ہے تھے ۔
یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار نے بتایا کہ شہر کے تجارتی مرکز لالچوک میں پیر کو سی آر پی ایف اہلکار پرائیویٹ گاڑیوں کی تلاشی لے رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کو روکا جا رہا تھا اور ان میں سوار افراد کو آگے جانے سے قبل پوچھ تاچھ کی جاتی تھی اور ان کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے جاتے تھے ۔
دو پہیہ والی گاڑیوں کو بھی روکا جا رہا تھا اور ان پر سوار مسافروں سے پوچھ تاچھ کی جا رہی تھی۔
عینی شاہدین کے مطابق گاڑیوں کی تلاشی لینے کے علاوہ بعض راہگیروں کو بھی روک کر ان کی جامہ تلاشی لی جا رہی تھی۔
ہمارے نمائندے نے جب ایک سیکورٹی اہلکار سے اس سلسلے میں بات کی تو ان کا کہنا تھا’’ہمیں یہ ہدایات ہیں کہ سٹی میں ایسی تلاشی کارروائیاں جاری رکھیں تاکہ سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے ‘‘۔
دریں اثنا ذرائع نے بتایا کہ پائین شہر میں بھی سیکورٹی فورسز کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق شہر میں رات کے دوران سیکورٹی فورسز کی پیٹرولنگ بھی بڑھائی گئی ہے ۔