جموں//
فوج نے ہفتہ کو راجوری ضلع میں لائن آف کنٹرول پر دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا۔
اس نے دعویٰ کیا کہ اب تک ایک درانداز کو مارا گیا ہے جب کہ نوشہرہ سیکٹر میں کلال علاقے کے قریب آپریشن جاری ہے۔
جموں میں مقیم وزارت دفاع کے ترجمان نے ایک درانداز کے مارے جانے کی تصدیق کی۔
ترجمان نے کہا’’۱۷/۱۸ نومبر کی درمیانی رات تقریباً گیارہ بجے، نوشہرہ سیکٹر میں دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنایا گیا، جس میں ایک (عسکریت پسند) اس وقت مارا گیا جب اس نے ہماری بارودی سرنگ کو عبور کرکے داخل ہونے کی کوشش کی‘‘۔
ترجمان نے مزید کہا کہ آج جنگجو کی لاش برآمد ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ آپریشن ابھی جاری ہے اور مزید تفصیلات بعد میں شیئر کی جائیں گی۔