جموں//
جموں کے کھور اکھنور علاقے میں ایک شخص نے ر یٹائرڈ زونل ایجوکیشن آفیسر سمیت تین افراد پر تیز دھار والے ہتھیار سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں تینوں شدید طورپر زخمی ہوئے اور بعد میں زونل ایجوکیشن آفیسر ہسپتال میں دم توڑ گیا۔پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر آلہ قتل کو برآمد کرکے ضبط کیا۔
اطلاعات کے مطابق جموں کے کھور اکھنور علاقے میں ریٹائرڈ زونل ایجوکیشن آفیسر کئی جا رہا تھا کہ راستے میں تاک میں بیٹھے ایک شخص نے اُس پر کلہاڑی سے وار کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ سابق ایجوکیشن آفیسر نے شور مچایا جس دوران خاتون اور نوجوان اُس کو بچانے کی خاطر جائے وقوع پر پہنچے تاہم اشوک کمار نامی شخص نے اُن پر بھی حملہ کیا جس وجہ سے تینوں خون میں لت پت ہوئے ۔معلوم ہوا ہے کہ بعد میں زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹروں نے ریٹائرڈ زونل ایجوکیشن آفیسر بابا رام کو مردہ قرار دیا۔
ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ بابا رام کے جسم پر تیز دھار والے ہتھیار سے کئی وار کئے گئے تھے جس کے نتیجے میں جسم کے اندرونی اعضا بری طرح سے متاثر ہوئے تھے ۔
حملے میں زخمی ہوئے مزید دو کی شناخت سیتا دیوی اور ونیت کمار کے بطور ہوئی ہے اور اُنہیں نازک حالت میں گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا۔
پولیس نے قتل کی اس بھیانک واردات میں ملوث اشوک کمار نامی شخص کو حراست میں لے کر آلہ قتل بھی برآمد کرکے ضبط کیا۔