نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ 19 نومبر کو اروناچل پردیش اور اتر پردیش کا دورہ کریں گے ۔
جمعرات کو وزیر اعظم کے دفتر سے ایک ریلیز کے مطابق، مسٹر مودی اس دورے میں شمال مشرق میں نقل و حمل کی سہولیات کوفروغ دینے کے لئے اروناچل پردیش کے ایٹا نگر میں نوتعمیر شدہ ہوائی اڈے کا افتتاح کریں گے اور8450 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے تیار کردہ 600 میگاواٹ کامینگ پن بجلی پروجیکٹ کو قوم کے نام وقف کریں گے ۔
مسٹر مودی اتر پردیش میں اپنے انتخابی حلقہ وارانسی میں ایک ماہ تک چلنے والے پروگرام ‘کاشی تمل سنگم’ کا افتتاح کریں گے ۔ یہ تقریب ‘ایک بھارت شریشٹھ بھارت’ کے جذبے کی عکاسی کرتی ہے اور تمل ناڈو وکاشی کے درمیان صدیوں پرانے رشتے کی علامت ہے ۔
ریلیز کے مطابق، وزیر اعظم ہفتہ کی صبح تقریباً 9:30 بجے ایٹا نگر میں ڈونی پولو ہوائی اڈے کا افتتاح کریں گے اور 600 میگاواٹ کامینگ ہائیڈرو پاور اسٹیشن کو قوم کے نام وقف کریں گے ۔ اس کے بعد وہ اتر پردیش کے وارانسی پہنچیں گے ، جہاں دوپہر تقریباً 2 بجے ‘کاشی تمل سنگم’ کا افتتاح کریں گے ۔
ڈونی پولو ہوائی اڈہ ایک نیا ترقی یافتہ ہوائی اڈہ ہے ۔ اس کا نام اروناچل پردیش کی روایات اور بھرپور ثقافتی ورثے اور سورج (‘ڈونی’) اور چاند (‘پولو’) کے تئیں اس کی قدیم دیسی تعظیم کی عکاسی کرتا ہے ۔ یہ 690 ایکڑ کے رقبے پر تیار کیا گیا ہے اور اس کے رن وے کی لمبائی 2300 میٹر ہے ۔ اس پر 640 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت آئی ہے ۔ ہوائی اڈہ تمام موسمی کارروائیوں کے لیے موزوں ہے ۔ ہوائی اڈے کا ٹرمینل ایک جدید عمارت ہے ، جو توانائی کی کارکردگی، قابل تجدید توانائی اور وسائل کی ری سائیکلنگ کو فروغ دیتا ہے ۔
حکومت کا کہنا ہے کہ ایٹا نگر میں ایک نئے ہوائی اڈے کی ترقی سے نہ صرف علاقے میں نقل و حمل کی سہولیات میں بہتری آئے گی بلکہ یہ تجارت اور سیاحت کے فروغ کے لیے ایک اتپریرک کے طور پر کام کرے گا، اس طرح خطے کی اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔