نئی دہلی//ہندوستانی چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نیپال کے الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام نیپال میں ایوان نمائندگان اور صوبائی اسمبلیوں کے آئندہ انتخابات کے دوران بین الاقوامی مبصر کے طور پر جمعہ سے پانچ روزہ دورے پر ہوں گے ۔ کمیشن نے جمعرات کو ایک ریلیز میں یہ اطلاع دی۔
نیپال میں 20 نومبر کو نیپال کی وفاقی پارلیمان کے 275 اراکین اور سات صوبائی اسمبلیوں کی 550 نشستوں کے لیے انتخابات ہونے ہیں۔ ریلیز میں کہا گیا ہے کہ مسٹر کمار 18 سے 22 نومبر تک نیپال کے ریاستی مہمان کے طور پر ای سی آئی کے عہدیداروں کے ایک وفد کی قیادت کریں گے ۔ اس دوران مسٹر کمار کھٹمنڈو اور آس پاس کے علاقوں میں واقع پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کریں گے ۔
ای سی آئی کا ایک بین الاقوامی الیکشن وزیٹر پروگرام بھی ہے جس کے تحت دوسرے ممالک سے انتخابی انتظامی اداروں کے اراکین کو ہندوستان میں وقتاً فوقتاً منعقد ہونے والے ہمارے جنرل اور قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کا تجربہ حاصل کرنے کے لیے مدعو کیا جاتا ہے ۔
انڈیا انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈیموکریسی اینڈ الیکشن مینجمنٹ (آئی آئی آئی ڈی ای ایم)، ای سی آئی کی ایک اکائی، اب تک 109 ممالک کے 2200 سے زیادہ اہلکاروں کو تربیت دے چکی ہے ، جن میں نیپال کے 70 اہلکار بھی شامل ہیں۔
اگلے سال 13 سے 24 مارچ تک نیپال الیکشن کمیشن کے 25 اہلکاروں کے لیے صلاحیت سازی کا پروگرام ای آئی آئی ڈی ای ایم میں منعقد کیا جائے گا۔