نئی دہلی// نائب صدر جگدیپ دھنکھر نے کہا ہے کہ جمہوری ترقی کے لئے جوابدہی اور شفافیت ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے سماج کے آخری سرے تک فلاحی اسکیموں کے فوائد پہنچانے میں مدد ملتی ہے ۔
بدھ کو یہاں کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل-سی اے جی کے دفتر میں دوسرے آڈٹ ڈے کی تقریب کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے مسٹر دھنکھر نے کہا کہ احتساب اور شفافیت کی اقدار کو یقینی بنانے میں سی اے جی کا اہم کردار ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آڈٹ کی عدم موجودگی یا غیر موثر آڈٹ سسٹم کارکردگی کو کم کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ مالی بے ضابطگیوں کا بروقت پتہ لگانا اور مؤثر نتیجہ خیز اصلاحی طریقہ کار بنیادی طور پر سی اے جی کی ذمہ داری ہے ۔
اس تقریب میں کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل گریش چندر مرمو، ڈپٹی کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل پروین مہتا، انڈین آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس ڈپارٹمنٹ کے افسران اور دیگر معززین موجود تھے ۔
مسٹر دھنکھر نے کہا کہ سی اے جی کی رپورٹوں پر ممبران پارلیمنٹ اور ایم ایل اے کو مناسب توجہ اور غور کرنا چاہئے تاکہ حکمرانی میں صداقت، کارکردگی اور شفافیت کو بہتر بنایا جا سکے اور جوابدہی کو نافذ کیا جا سکے ۔
انہوں نے کہا کہ "ہمیں اپنے سامنے آنے والے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے اور ان میں مسلسل اضافہ کرنے کے لیے قابل اعتماد نظام بنانا چاہیے ۔”
نائب صدر جمہوریہ نے اس موقع پر قومی آن لائن مضمون نویسی مقابلہ 2022 کے فاتحین کو بھی اعزاز سے نوازا۔