آسٹریلین اسپنر ایشٹن ایگار کا کووڈ۔19 کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے اور وہ وائرس کا شکار ہونے کے بعد پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
ایگار گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کا شکار ہونے والے دوسرے آسٹریلین کھلاڑی ہیں جہاں اس سے قبل جوش انگلس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
کرکٹ آسٹریلیا نے منگل کی صبح تصدیق کی کہ جوش انگلس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے 24 گھنٹوں کے اندر ہی ایگار بھی وائرس کا شکار ہو گئے ہیں اور ان کا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا ہے۔بورڈ کے مطابق آسٹریلین کے فزیو تھراپسٹ برینڈن ولسن کا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا ہے البتہ بقیہ تمام کھلاڑیوں اور عملے کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔
ان دونوں کھلاڑیوں کا مثبت ٹیسٹ آنے سے آسٹریلین ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے کیونکہ سیریز سے قبل ہی آل راؤنڈر مشل مارش کولہے کی انجری کا شکار ہو کر پہلے ہی سیریز سے باہر ہو چکے ہیں۔
آسٹریلیا کو اسٹیو اسمتھ کی خدمات بھی میسر نہیں ہوں گی جو ٹیسٹ سیریز کے دوران کہنی کی انجری کا شکار ہوئے تھے۔آسٹریلیا کی ٹیم پہلے ون ڈے میچ میں دو اسپنرز کھلانے پر غور کررہی ہے اور ایگار کے سیریز سے باہر ہونے کے بعد مچل سوپسن کے ڈیبیو کے امکانات بڑھ گئے ہیں جن کا ساتھ دینے کے لیے ایڈم زامپا بھی موجود ہوں گے۔
مسلسل انجری اور کووڈ مسائل کو دیکھتے ہوئے آسٹریلین ٹیم نے اسکواڈ کی مدد کے لیے بلے باز میٹ رینشا کو لاہور روانہ کردیا ہے البتہ ٹیم کو جوائن کرنے سے قبل انہیں تین دن آئسولیشن میں رہنا ہو گا۔
مزید پڑھیں: انجری کے سبب اسمتھ پاکستان کےخلاف ون ڈے اور ٹی20 سیریز سے باہر
ایگار نے حال ہی میں سری لنکا کے خلاف ٹی20 میچ میں سری لنکا کی نمائندگی کی تھی اور 15.66 کی اوسط سے تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ون ڈے میچ آج لاہور میں کھیلا جائے گا۔