جموں/۲۹مارچ
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کو’ دہشت گردوں‘ کے ہاتھوں بے دردی سے مارے گئے شہید ایس پی او اشفاق احمد اور ان کے بھائی عمر کے والدین کے لیے۱۰ لاکھ روپے کی ایکس گریشیا کا اعلان کیا۔ ان کے بھائیوں میں سے ایک ایس پی او کو جموں کشمیر پولیس میں کانسٹیبل کے طور پر ترقی دی جائے گی۔
لیفٹیننٹ گورنر ایک یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے ایک محفوظ ماحول کو یقینی بنانے میں پولیس اور سیکورٹی اہلکاروں کے کردار کی تعریف کی ۔انہوں نے جے کے پی، سی اے پی ایف اور فوج کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا، جنہوں نے ملک کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شہداء کے لواحقین کے تئیں اپنی ذمہ داری ادا کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں۔ میں ان کے خاندانوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے۔
سنہا کاکہنا تھا’’میرا پیغام بہت واضح ہے۔ دہشت گردوں کو ان کی کارروائیوں کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ ہم نے اپنی سیکورٹی فورسز کو مکمل آزادی دی ہے اور ہمیں پورا یقین ہے کہ وہ دہشت گردوں اور ان کے ساتھیوں کو کچلنے کو یقینی بنائیں گے۔‘‘
ایل جی کاکہنا تھا’’جموں و کشمیر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے، سماجی و اقتصادی ترقی کے ایک نئے ماڈل کے طور پر ابھر رہا ہے۔ دہشت گردی اور ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث افراد کو بخشا نہیں جائے گا۔ دہشت گردوں کو جان بوجھ کر پناہ دینے اور دہشت گردی کو آگے بڑھانے کے لیے استعمال ہونے والی جائیدادیں ضبط کر لی جائیں گی،‘‘ لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا۔‘‘