سرینگر/31 اکتوبر
پولیس نے پیر کو کہا کہ شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع کے کیرن سیکٹر کے ساتھ فوج نے ایک پاکستانی جنگجو کو مار گرایا۔
کشمیر زون پولیس نے ایک ٹویٹ میں لکھا”ایک پاکستانی عسکریت پسند / دراندازی کو فوج نے کپواڑہ ضلع کے کیرن سیکٹر (جماگنڈ علاقہ) میں بے اثر کر دیا ہے۔ علاقے میں تلاشی آپریشن ابھی بھی جاری ہے۔ مزید تفصیلات آگے آئیں گی۔“
اس دوران پہاڑی ضلع شوپیاں کے چیک کیلر علاقے میں فوج نے دو ملی ٹینٹوں کو اسلحہ وگولہ بارود سمیت حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے ۔
دفاعی ترجمان نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے چیک کیلر کے نزدیک ناکہ لگایا جس دوران گاڑی میں سوار دو افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ناکہ پارٹی کو دیکھتے ہی گاڑی میں سوار افراد نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم فوج نے پیشہ وارانہ صلاحیتو ں کو بروئے کار لا کردونوں کو زندہ گرفتار کیا۔
اُن کے مطابق جامہ تلاشی کے دوران گرفتار شدگان کے قبضے سے کچھ اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار شدگان کی شناخت گوہر منظور اور عاقب حسین ساکن دربگام پلوامہ کے بطور ہوئی ۔
ترجمان نے بتایا کہ دونوں کو پولیس کے حوالے کیا گیا۔