سرینگر//
شہری ہوا بازی کے وزیر‘ جیوترادتیہ ایم سندھیا نے آج کہا کہ جموں میں۸۶۱ کروڑ روپے کی لاگت سے ایک سول انکلیو تعمیر کیا جائے گا اور سرینگر کے موجودہ ٹرمینل کو۱۵۰۰ کروڑ روپے کی لاگت سے ۲۰ہزار مربع میٹر سے۶۰ہزار مربع میٹر تک تین گنا بڑھایا جائے گا۔
سندھیا آج یہاں ایس کے آئی سی سی سرینگر میں چوتھی ہیلی اِنڈیا سمٹ سے خطاب کررہے تھے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ جموں وکشمیر کی ترقی اور خوشحالی وزیر اعظم نریندرمودی کا خواب ہے اور اِس خواب کو پورا کرنے کے لئے شہری ہوا بازی جموں میں۸۶۱کروڑ روپے کی لاگت اور سری نگر میں۱۵۰۰کروڑ روپے کی لاگت سے ٹرمنل بلڈنگ کی توسیع کر رہی ہے ۔
سربراہی اجلاس کے دوران، سندھیا نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت کی طرف سے ایوی ایشن ٹربائن فیول (اے ٹی ایف) پر وی اے ٹی میں۵ء۲۶ فیصد سے ایک فیصد تک کمی نے ایندھن بھرنے میں۳۶۰ فیصد اضافے کے ساتھ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں ہوائی رابطے کے لیے ایک نئی صبح کا آغاز کیا ہے، اس طرح جموں سے ہوائی رابطے میں اضافہ ہوا ہے۔
۲۰۱۴ سے ہندوستان میں شہری ہوا بازی کے شعبے میں انقلاب لانے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف کرتے ہوئے سندھیا نے کہا کہ ۱۹۴۷ سے۲۰۱۴ تک، ملک میں صرف۷۴ ہوائی اڈے تھے، لیکن اب یہ تعداد بڑھ کر۱۴۱ ہو گئی ہے، پچھلے سات سالوں میں ۷۶کا اضافہ ہوا ہے جو کہ شہری ہوا بازی کے شعبے میں ترقی کی رفتار کو ظاہر کرتا ہے۔
سندھیا نے مزید کہا کہ حکومت اگلے چند سالوں میں اس تعداد۲۰۰ سے اوپر کرنے کے لئے پُر عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ شہری ہوا بازی اب نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا کے انسانوں کے لیے وقت کی ضرورت بن گئی ہے کیونکہ یہ ہمیشہ اپنے ساتھ دو اہم ملٹی پلائر لاتی ہے، اقتصادی ملٹی پلائر اور روزگار کا ملٹی پلائر۔
وزیر نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر نے ہیلی کاپٹر سروس کے بہترین استعمال کی ایک مثال قائم کی ہے جب اس نے پیر پنجال پہاڑی سلسلے پر ہیلی کرینز (سکائی کرین) کا استعمال کرتے ہوئے ٹرانسمیشن لائنیں اور ٹاور بنائے۔