جموں//
جموں کشمیر پولیس کی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے)نے راجوری اور پونچھ اضلاع میں بدھ کی صبح چھاپے مارے۔یہ چھاپے ملی ٹینسی فنڈنگ کیس کے سلسلے میں مارے گئے۔
ایس آئی اے کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ تحقیقاتی ایجنسی نے پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں کی مدد سے بدھ کی صبح راجوری اور پونچھ کے دھارتی تحصیل بالاکوٹ، کنیان ،تحصیل ہوالی پونچھ اور جولاس میں چھاپے مارے۔
عہدیدار نے بتایا کہ چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران اہم کاغذات ضبط کئے گئے۔اْن کے مطابق ٹیرر فنڈنگ کے سلسلے میں ایس آئی اے نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا ہے اور اس غیر قانونی دھندے میں ملوث افراد کو بڑے پیمانے پر تلاش کیا جارہا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ دہشت گردی کے ایکو سسٹم کو ختم کرنے کی خاطر اقدامات اْٹھائے جارہے ہیں۔
بتادیں کہ ملی ٹینسی فنڈنگ میں ملوث افراد کے خلاف ایس آئی اے اور این آئی اے نے مشترکہ طورپر کریک ڈاون شروع کیا ہے اور پچھلے تین چار ماہ کے دوران متعدد افراد کے خلاف چارج شیٹ بھی دائر کیا گیا ہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ حال ہی میں دہلی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ کو ہدایت دی کہ یو اے پی اے کیسوں میں ملوث افراد کے خلاف عدالت مجاز میں جلد از جلد چارج شیٹ پیش کیا جائے۔