سرینگر//
جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے بٹہ پورہ علاقے میں پیر کو ایک تصادم میں ایک جنگجو مارا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ جاری تصادم میں ایک جنگجو مارا گیا ہے، تاہم مارے گئے جنگجو کی شناخت کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ جنوبی ضلع کولگام کے بٹہ پورہ گاوں میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین جاری تصادم میں ایک فوجی اور دو عام شہری زخمی ہوئے ہیں۔
اس سے پہلے دفاعی ترجمان نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد ۹آر آر نے کولگام کے بٹہ پورہ گاوں کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا۔انہوں نے کہاکہ سیکورٹی فورسز کے اہلکا ر جوں ہی مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔
ترجمان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران دوبدو گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔انہوں نے کہاکہ ابتدائی گولیوں کے تبادلے میں ایک فوجی اور دو عام شہری زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
دفاعی ترجمان نے بتایا کہ گاوں میں رک رک کر فائرنگ ہو رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے۔
ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں دو ملی ٹینٹ محصور ہیں جنہیں مار گرانے کی خاطر اضافی کمک کو طلب کیا گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے داخلی اور خارجی راستوں پر اضافی اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی جبکہ گاوں کی طرف کسی کو بھی جانے کی اجاز ت نہیں دی جارہی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ملی ٹینٹوں کے خلاف جوابی کارروائی شروع کرنے سے قبل گاوں میں پھنسے ہوئے مکینوں اور طالب علموں کو محفوظ مقامات کی اور منتقل کیا۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں آپریشن جاری تھا۔