سرینگر//
جموںکشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ایک فوجی جوان نے مبینہ طورپر اپنی ہی سروس رائفل سے اپنا کام تمام کردیا۔
ذرائع نے بتایا کہ اننت ناگ کے ہائی گراؤنڈ میں قائم فسٹ آر آر کیمپ میں تعینات فوجی اہلکار نے جمعرات کی شام اپنی ہی سروس رائفل سے زندگی کا چراغ گل کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ گولی کی آواز سنتے ہی وہاں موجود دوسرے فوجی اپنے ساتھی کی طرف دوڑ پڑے اور اس کو خون میں لت پت پایا۔
اگر چہ فوجی جوان کو نزدیکی ہسپتال پہنچایا گیا لیکن وہاں ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دیا۔
جموں و کشمیر کے حالات پر گہری نظر رکھنے والے مبصرین کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز اہلکاروں میں خودکشی کے بڑھتے ہوئے رجحان کی وجہ سخت ڈیوٹی، اپنے عزیز و اقارب سے دوری اور گھریلو و ذاتی پریشانیاں ہیں۔
مبصرین نے کہا کہ اگرچہ حکومت نے سیکورٹی اہلکاروں کیلئے یوگا اور دیگر نفسیاتی ورزشوں کو لازمی قرار دیا ہے لیکن باوجود اس کے جموں و کشمیر میں جوانوں کی جانب سے خودکشی کے واقعات گھٹنے کی بجائے بڑھ رہے ہیں۔