سرینگر//
مویشیوں میں لمپی اسکن نامی بیماری کے بڑھتے کیسوں کے پیش نظر جموں و کشمیر انتظامیہ کی جانب سے کئی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
حکام نے جمعرات کو یونین ٹیریٹری میں مویشیوں کی درآمد کے ساتھ ساتھ چوپاؤں کی بین اضلاع نقل و حمل پر مکمل پابندی عائد کی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ پابندی ۲۵؍اکتوبر تک نافذ رہے گی۔
واضح رہے کہ چوپائوں میں لمپی اسکن وائرس کے متعدد کیس سامنے آنے کے بعد محکمہ پشو پالن کی جانب سے سرینگر جموں قومی شاہراہ پر اسکریننگ سنٹر قائم کیا گیا۔
محکمہ کی جانب سے لمپی اسکین وائرس کی روکتھام کے لیے پہلے ہی ویکسینیشن ڈرائیو شروع کی گئی ہے، جبکہ اسکریننگ سنٹر کے قیام کے علاوہ مویشی پروروں کو اس حوالہ سے آگاہی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
لمپی اسکن نامی بیماری میں جانوروں کی جلد پر پھوڑے یا گٹھلیاں بننا شروع ہو جاتے ہیں اور یہ نشان جانوروں کی جلد پر واضح نظر آتے ہیں۔
لمپی اسکن بنیادی طور پر ایک وائرس ہے جو وبا کی شکل میں ہی پھیلتا ہے جس سے متاثرہ جانور کی جلد پر پھوڑے نمودار ہونا شروع ہو جاتی ہیں، مویشی بخار میں مبتلا ہوتے ہیں ٹانگوں میں سوزش پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ جانور چارہ کھانا بھی چھوڑ دیتے ہیں اور وزن تیزی سے کم ہونے لگتا ہے اور جانوروں کی موت بھی واقع ہو جاتی ہے۔