نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ اس صدی کو ہندوستان کی صدی بنانے کے لیے نوجوانوں کوتعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر مندی میں بھی اتنی ہی مہارت حاصل کرنا ضروری ہے ۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ویڈیو پیغام کے ذریعہ اولین کوشل دیکشانت سماروہ میں صنعتی تربیتی ادارے کے طلبا سے خطاب کیا۔ تقریباً 40 لاکھ طلبا نے اس پروگرام میں شرکت کی۔گذشتہ آٹھ برسوں کے دوران حکومت کی حصولیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے ، وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان نے بھگوان وشوکرما سے ترغیب حاصل کرتے ہوئے نئی اسکیموں کا آغاز کیا ہے اور حکومت ہنرمندی ترقیات پر زور دیتے ہوئے ‘شرامیو جیتے ’ کی روایت کو ازسر نو زندہ کرنے کوشش کر رہی ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ، ‘‘اس صدی کو ہندوستان کی صدی بنانے کے لیے ، یہ ضروری ہے کہ ہندوستان کے نوجوان تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنرمندی میں بھی مہارت حاصل کریں’’۔ مسٹر مودی نے مزید کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کی ہنرمندی اور نئے اداروں کے قیام کو اولین ترجیح دی ہے ۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ‘‘ہمارے ملک میں پہلا آئی ٹی آئی ادارہ 1950 میں قائم کیا گیا تھا۔ اس کے بعد آئندہ سات دہائیوں میں 10 ہزار آئی ٹی آئی ادارے قائم کیے گئے ۔ ہماری حکومت کے 8 برسوں میں، ملک میں تقریباً 5 ہزار نئے آئی ٹی آئی ادارے قائم کیے گئے ۔ گذشتہ آٹھ برسوں کے دوران 4 لاکھ سے زائد نئی نشستوں کا بھی اضافہ کیا گیا۔’’
چوتھے صنعتی انقلاب ‘صنعت 4.0’ کے دور کے بارے میں بات کرتے ہوئے ، وزیر اعظم نے کہا کہ صنعتی تربیتی ادارے ہندوستان کی کامیابی میں بڑا کردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کا طریقہ وقت کے ساتھ تبدیل ہو رہا ہے ، لہٰذا، حکومت نے اس سلسلے میں خصوصی توجہ دی ہے اور اس سلسلے میں جو طلبا آئی ٹی آئی اداروں میں زیر تعلیم ہیں انہیں ہر جدید کورس کی سہولت حاصل ہونی چاہئے ۔
وزیر اعظم نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ‘‘ہدف سامنے ہے ، آپ کو اسی سمت میں جانا ہے ۔ آج ملک نے آپ کا ہاتھ پکڑا ہے ، کل آپ کو ملک کو آگے لے کر جانا ہوگا۔’’ سبھی کی توجہ آزادی کا امرت کال کی جانب مبذول کراتے ہوئے ، مسٹر مودی نے کہا کہ ہماری زندگی کے آئندہ 25 برس اتنے ہی اہم ہیں جتنا کے ہندوستان کے لیے آئندہ 25 برس اہم ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ، ‘‘آپ سبھی میک ان انڈیا اور ووکل فار لوکل مہم کے قائدین ہیں۔ آپ ہندوستان کی صنعت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں ، لہٰذا آپ کو ترقی یافتہ آتم نربھر بھارت کے عزم کو پورا کرنے میں آپ کو ایک بڑا کردار ادا کرنا ہے ۔’’