سرینگر//
سرینگر کے نئی سڑک علاقے میں منگل کی شام ایک کار کی زد میں آکر ایک غیر مقامی مزدور ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ دونوں، جن کی شناخت ۳۶ سالہ ہاشم انصاری اور تسلیم کے طور پر کی گئی ہے ‘ اتر پردیش کے مظفر نگر کے رہنے والے ہیں ‘سڑک عبور کر رہے تھے کہ ایک کار نے انہیں ٹکر مار دی۔
شاہدین نے بتایا کہ تسلیم معمولی زخموں کے ساتھ بچ گیا، ہاشم کار اور بجلی کے کھمبے کے درمیان کچلا گیا۔
اس کے رشتہ داروں نے بتایا کہ ہاشم نے مندر باغ کے علاقے میں ایک مکان کرائے پر لیا تھا اور اس کے پسماندگان میں بیوی اور دو بچے ہیں۔
اسٹیشن ہاؤس آفیسر، کرالہ کھڈ پولیس اسٹیشن، انسپکٹر سبزازار نے اس واقعے کی تصدیق کی۔
سبزوار نے کہا کہ انہوں نے ڈرائیور کو گرفتار کر کے گاڑی کو قبضے میں لے لیا ہے۔
اس دوران کشمیر کے شمالی ضلع کپواڑہ میںایک سینٹرو گاڑی نے ایک معمر شہری کو کچل ڈالا ۔
ذرائع نے بتایا کہ منگل کے روز کپواڑہ سرینگر شاہراہ پر ایک گاڑی نے راہگیر کو ٹکر ماری جس وجہ سے وہ شدید طورپر زخمی ہوا۔
معلوم ہوا ہے کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمی شہری کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم وہاں پر موجود ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔
متوفی کی شناخت غلام محمد گوجر ولد سیف الدین گوجر ساکن جگتیال ہائی ہامہ کے بطور ہوئی ۔
پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔