سرینگر/جموں//
سینٹرل بیرو آف انوسٹی گیشنز(سی بی آئی) نے پولیس سب انسپکٹر بھرتی گھوٹالے کے سلسلے میں منگل کی صبح جموں وکشمیر سمیت ملک میں۳۳مقامات پر چھاپے مارے ۔
سی بی آئی ذرائع نے کہا کہ سی بی آئی نے منگل کی صبح جموں و کشمیر سروس سلیکشن بورڈ (جے کے ایس ایس بی) کے سابق چیئر مین خالد جہانگیر اور جے کے ایس ایس بی کے امتحانات کے کنٹرولر اشوک کمار اور ایک ڈی ایس پی سمیت جموں وکشمیر پولیس کے کچھ افسروں اور سی آر پی ایف کے کچھ افسروں کی رہائش گاہوں پر تلاشی کارروائیاں انجام دیں۔
ذرائع نے بتایا کہ جموں اور سری نگر کے علاوہ کرنال، مہندر گڑھ، گجرات کے گاندھی نگر، دہلی، اتر پردیش کے غازی آباد اور کرناٹک کے بنگلورو میں بھی تلاشی کارروائیاں انجام دی گئیں۔
سی بی آئی کے ایک ترجمان نے کہا’’تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ امتحان شروع ہونے سے پہلے سوال نامے تک رسائی کیلئے رضامند امیدواروں اور ان کے اہل خانہ کی جانب سے ۲۰ سے۳۰ لاکھ (تقریباً) کی ادائیگی کا انکشاف ہوا ہے‘‘۔
سی بی آئی کے ترجمان نے کہا ’’اس سلسلے میں، ہریانہ میں مقیم ایک گینگ، جموں و کشمیر کے کچھ اساتذہ، سی آر پی ایف، جے اور کے پولیس اور جے کے ایس ایس بی کے کچھ حاضر/ریٹائرڈ اہلکاروں کی شمولیت مبینہ طور پر سامنے آئی ہے۔‘‘
بتادیں کہ پولیس سب انسپکٹر کی اسامیوں کے لئے سال رواں کے۲۷مارچ کو امتحانات منعقد ہوئے تھے جبکہ ان کے نتائج کا اعلان۴جون کو کیا گیا تھا۔
کامیاب امیدواروں کی فہرست جاری ہوتے ہی ان امتحانات میں بے ضابطگیوں کے الزامات سامنے آئے تھے جس کے پیش نظر حکومت نے تحقیقات کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی۔
اس دوران بھارتیہ جنتاپارٹی جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ کا کہنا ہے کہ رشوت اور دھاندلیوں میں ملوث سرکاری اہلکاروں کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔
رینہ نے بتایا کہ اس ملک میں مودی جی کی سرکار بد عنوانی اور رشوت کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کرے گی۔
بی جے پی یونٹ صدر نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
رینہ نے کہا کہ موجودہ مرکزی سرکار نے رشوت خوری اور بد عنوانیوں میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاون شروع کیا ہے ۔
ایس آئی امتحانات میں دھاندلی اور سی بی آئی کی جانب سے چھاپے مارنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں مسٹر رینہ نے کہا کہ جو غلط کام کرے گا اُس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ رشوت اور بد عنوانیوں میں ملوث کسی بھی سرکاری اہلکار کو بخشا نہیں جائے گا ۔
بی جے پی یونٹ صدر کے مطابق مودی جی کی سربراہی میں مرکزی سرکار بد عنوانی اور رشوت خوری کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کرے گی۔
رینہ نے کہا کہ سی آئی اور دوسرے امتحانات میں ہوئی دھاندلیوں کی تحقیقات سی بی آئی کے ذریعے ہو رہی ہے اور جو کوئی بھی ملوث قرار پائے گا اُس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ غلط کام کرنے والوں کو اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔