ونڈہوک//
آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ2022ء کیلئے نمیبیا سکواڈ کا اعلان کردیا گیا، گیرہارڈ ایراسمس ٹیم کی قیادت کریں گے، لوہان لاورنس اور لوگامینی کی سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ منگل کو نمیبیا کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا میں آئندہ ماہ سے شروع ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے سکواڈ کا اعلان کیا، سابق جنوبی افریقی کرکٹرز پیری ڈی بریون ٹیم کے ہیڈ کوچ، ایلبے مورکل اسسٹنٹ کوچ اور مورنے مورکل ورلڈ کپ کیلئے نمیبیا کے بائولنگ کوچ کی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔
گیرہارڈ ایراسمس کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔ 16 رکنی سکواڈ میں تجربہ کار آل رائونڈر ڈیوڈ ویزے اور روبن ٹرمپلمین بھی شامل ہیں۔ نمیبیا سکواڈ میں شامل وکٹ کیپر بیٹر لوہان لاورنس ، بیٹر ڈیوان لا کوک اور فاسٹ بائولر ٹینگانی لونگامینی پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں حصہ لیں گے۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سکواڈ میں کپتان گیرہارڈ ایراسمس ڈیوڈ ویزے، بین شیکونگو، جے جے سمٹ، روبن ٹرمپلمین، کارل برکن سٹوک، ڈیوان لا کوک، زانے گرین، لوہان لاورنس، ٹیفن بارڈ، برنارڈ شولٹز، ہیلاو یا فرانس، نیکول لوفٹی، لونگامینی، جان فرینکلن اور مائیکل وان لنگن شامل ہیں۔