سرینگر//
سرینگر اور اس کے مضافاتی علاقوں کے علاوہ وادی کے کچھ دوسرے حصوں میں جمعہ کی شام کو موسلادھار بارشیں ہوئیں جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ۔
محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ہلکی بارشوں کی پیش کر دی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کی شام کو سرینگر اور اس کے آس پاس والے علاقوں کے علاوہ وادی کے کچھ دوسرے حصوں میں بارشیں ہوئیں ۔بارشوں کا سلسلہ کم و بیش ایک گھنٹے تک جاری رہا جس سے گرمی سے تھوڑی راحت محسوس کی گئی ۔
اس دوران محکمہ موسم کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشیں ہونے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی میں موسم کی یہی صورتحال اگلے دو دنوں کے دوران جاری رہ سکتی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ وادی میں شبانہ درجہ حرارت مسلسل معمول سے زیادہ درج ہو رہا ہے ۔
دارلحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت۶ء۱۷ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۹ء۳ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت۷ء۱۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۵ء۱ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت۷ء۱۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے ۵ء۳ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت۶ء۱۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے ۵ء۳ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۶ء۱۵ڈگری سینٹی گرید ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۹ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔دریں اثنا وادی میں جمعے کو صبح سے ہی موسم خشک رہا۔