سرینگر//
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے یونٹ صدر‘ رویندر رینا نے کہا ہے کہ جموں کشمیر میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے دوران ان کی جماعت پچاس سے زیادہ نشستوں کی اکثریت حاصل کرے گی، اور اگلا وزیر اعلیٰ بی جے پی کا ہو گا۔
رینا نے شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ میں ورکرز کنونشن کے موقع پر نامہ نگاروں کو بتایا’’بی جے پی جموں کشمیر میں انتخابات کیلئے تیار ہے، ہم چاہتے ہیں کہ اسمبلی انتخابات جلد سے جلد کرائے جائیں تاکہ ایک منتخب حکومت برسراقتدار آئے‘‘۔
رینا نے کہا’’مجھے یقین ہے کہ ہم جموں کشمیر میں پچاس سے زیادہ سیٹیں جیتیں گے‘ جو کہ بی جے پی کا مشن ہے، اور اوپر والے کی مرضی سے، ہم حکومت بنائیں گے اور اگلا وزیر اعلیٰ بی جے پی پارٹی کا ہوگا‘‘۔
جموں میں ایل او سی کے ساتھ ارنیا سیکٹر میں جنگ بندی کی حالیہ خلاف ورزی پر تبصرہ کرتے ہوئے، رائنا نے کہا کہ پڑوسی ملک پاکستان’’کبھی بھی کشمیر میں امن نہیں دیکھنا چاہتا‘‘۔
رینا نے کہا’’جموں کشمیر، خاص طور پر کشمیر میں جب لوگ خوش اور پْرسکون زندگی گزارنے لگتے ہیں اور ہمارے بچے سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں میں جانے لگتے ہیں اور تاجر آرام سے کاروبار کرنے لگتے ہیں، تو پتہ نہیں کیوں یہ ہمارے پڑوسی پاکستان کو پریشان کرنے لگتا ہے‘‘۔
بی جے پی یونت صدر نے مزید کہا’’وہ (پاکستان) ہمیشہ ان بلا اشتعال خلاف ورزیوں سے شروع ہوتا ہے تاکہ یہاں خونریزی کرنے کی سازش کے تحت دہشت گردوں کو وادی میں گھسنے میں مدد کی جا سکے‘‘۔
رینا نے لوگوں کی بڑی تعداد دیکھ کر کافی مسرت کا اظہار کیا اوران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم مودی کی عوام دوست پالسیوں سے متاثر ہوکر اتنی بڑی تعداد میں آج لوگ جمع ہوئے ہیں۔انہوں کہا کہ مودی سرکار’ سب کا ساتھ ،سب کا وکاس اور سب کا وشواس‘ پر کاربند ہے جس کی وجہ سے ہی ہر طبقے کے پسماندہ افراد کو مفت راشن مفت گیس سلینڈر اور مفت علاج اور کسانوں کی مدد کی گئی ہے۔
لیکشن کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ہم کسی بھی وقت الیکشن کے لئے تیار ہیں اور آنے والے انتخابات میں بی جے پی پچاس سیٹوں کے ہندسے کو پار کرے گی۔انھوں نے اسٹیٹ ہوڈ کے حوالے سے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اس کا وعدہ کرچکے ہیں اور وقت آنے پر اسے ضرور بحال کیا جائے گا۔