لاہور //
پاکستان ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کا کہنا ہے کہ سابق کھلاڑی محمد یوسف نے دنیائے کرکٹ کے لیجنڈ برائن لارا کو اسلام قبول کرنے کی دعوت دی تھی۔ ٹوئٹر پر انضمام الحق کی ایک تقریب میں شرکت کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں انھوں نے محمد یوسف کی جانب سے دنیائے کرکٹ کے ریکارڈ ساز بیٹر برائن لارا کو دی جانے والی اسلام کی دعوت سے متعلق انکشاف کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
انضمام کے مطابق محمد یوسف نے کراچی میں ہونے والے ٹیسٹ میچ کے دوران سابق ویسٹ انڈیز کپتان برائن لارا کو کھانے پر بلایا تھا جس کے پیچھے محمد یوسف کا مقصد برائن لارا کو دعوت میں دین کی تبلیغ دینا تھا۔ سابق قومی کپتان کا کہنا تھا کہ دعوت کے دوران برائن لارا کو بتایا گیا کہ’ کس طرح ہم اللہ تعالیٰ کی بات مانتے ہیں کس طرح ہم نبی پاک ﷺ کے احکامات پر عمل کرتے ہیں کس طرح ہم ماں باپ کی خدمت کرتے اور کس طرح بیوی بچوں کے معاملات نبھاتے ہیں، کس طرح پڑوسیوں اور کس طرح کاروبار کو لے کر چلتے ہیں‘۔
سابق چیف سلیکٹر نے بتایا کہ محمد یوسف کی جانب سے دی گئی اسلام کی دعوت پر برائن لارا خاموش ہوگئے تھے۔