کیرنز،// آسٹریلیا نے کیمرون گرین (ناٹ آؤٹ 89) اور ایلکس کیری (85) کی زبردست اننگز کی بدولت منگل کو پہلے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔
نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو 233 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں آدھی کانگارو ٹیم 44 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
ٹیم کے اپر اور مڈل آرڈر کی ناکامی کے بعد کیری اور گرین نے چھٹی وکٹ کے لیے 158 رنز کی زبردست شراکت قائم کی۔ کیری نے 99 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 85 رنز بنائے جبکہ گرین نے 92 گیندوں پر 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 89 رنز بنائے۔
40ویں اوور میں کیری کے آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلیا تھوڑا سا لڑکھڑا گیا اور مچل اسٹارک (01) کے ساتھ گلین میکسویل (02) جلد ہی پویلین لوٹ گئے، تاہم گرین نے ایڈم زمپا کے ساتھ 26 رنز کی شراکت داری کرکے کنگارو کو سنسنی خیز مقابلے میں دو وکٹ سے جیت دلائی۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے۔
کیویز کی جانب سے ڈیون کونوے نے 46 (68)، کپتان کین ولیمسن 45 (71) اور ٹام لیتھم نے 43 (57) رنز بنائے۔ اس کے علاوہ ڈیرل مچل نے 33 گیندوں پر 26 رنز بنائے۔ آسٹریلوی گیند بازوں نے ایک بھی کیوی بلے باز کو 50 کا ہندسہ چھونے نہیں دیا۔
گلین میکسویل نے 10 اوورز میں 52 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ جوش ہیزل ووڈ نے 10 اوورز میں صرف 31 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ مچل اسٹارک اور ایڈم زمپا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں دوسرے ون ڈے میں جمعرات 8 ستمبر کو آمنے سامنے ہوں گی۔