سرینگر//
بڈگام پولیس نے۲۴گھنٹے کے اندر ایک اغوا شدہ نابالغ لڑکی کو بازیاب کرکے اغوا کار کو گرفتار کرکے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
اطلاع کے مطابق پولیس چوکی سوئبگ کو عبدالمجید خان ساکن خان محلہ سوئبگ کی طرف سے تحریری شکایت موصول ہوئی کہ اس کی نابالغ بیٹی اسکول کے اوقات کے بعد گھر واپس نہیں آئی اور اسکول انتظامیہ نے بتایا کہ وہ آج سکول نہیں گئی تھی۔
تھانہ پولیس بڈگام نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے لاپتہ لڑکی کی تلاش شروع کی ۔ لڑکی کا سراغ لگانے کے لیے ایک خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ تفتیش کے دوران، پولیس ٹیم نے تیزی سے کام کرتے ہوئے مختلف مشتبہ مقامات پر چھاپے مارے۔
سخت کوششوں کے بعد پولیس چوکی سوئبگ کی پولیس پارٹی نے لڑکی کا سراغ لگایا اور اسے ضلع کولگام سے بازیاب کرایا جسے ایک سالیب احمد ہیلہ ولد اسد اللہ ہیلہ ساکنہ کھوری بٹہ پورہ کولگام نے اغوا کیا تھا۔ اغوا کار کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد لڑکی کو اس کے قانونی ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔
اس دوران سرینگر ایک شخص کو ایک نابالغ لڑکی کی عصمت دری کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔سرینگر پولیس نے بتایا کہ چارروز قبل نابالغ لڑکی کی مبینہ عصمت دری کی شکایت متعلقہ پولیس تھانہ میں موصول ہوئی تھی‘ جس کے بعد معاملہ درج کر کے کارروائی شروع کی گئی تھی۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم اعجااز احمد شیخ ولد غلام نبی شیخ ساکن زیون کھنموہ نابالغ کے ساتھ زیادتی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
سرینگر پولیس نے ایک ٹویٹ کر کے بتایا ،’’ملزم اعجاز احمد شیخ ولد غلام نبی شیخ سکنہ زیون، کھنموہ کو۴دن قبل ملورہ کی ایک نابالغ لڑکی (نام ظاہر نہیں کیا گیا) کے ساتھ زیادتی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ وہ جرم کے بعد مفرور تھا۔ آئی پی سی اور پوسکو ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف درج کی گئی ہے۔‘‘