سرینگر//
فوج کا کہنا ہے کہ بومئی سوپور تصادم میں جیش کا ایک اعلیٰ کمانڈر اپنے ساتھی سمیت مارا گیا۔
دفاعی ترجمان نے بتایا کہ بدھوار کی سہ پہر کو سیکورٹی فورسز نے بومئی سوپور علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے کہاکہ جوں ہی سیکورٹی فورسز نے مشتبہ رہائشی مکان کو گھیرے میں لینے کی کوشش کی تو اسی اثنا میں میں وہاں پر موجود جنگجووں نے فائرنگ کے ساتھ ساتھ گرینیڈ داغے۔
ترجمان کے مطابق جوابی کارروائی سے قبل سیکورٹی فورسز نے آس پاس رہائشی پذیر لوگوں کو محفوظ مقامات کی اور منتقل کیا۔اْن کے مطابق جنگجوؤں کی ابتدائی فائرنگ میں ایک عام شہری اور فوجی اہلکار زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی کاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
دفاعی ترجمان نے کہا ’’پانچ گھنٹوں تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے جن کی بعد میں شناخت محمد رفیق لون ساکن سوپور اور قیصر اشرف ساکن پلوامہ کے بطور ہوئی ‘‘۔
ترجمان نے کہاکہ محمد رفیق لون شمالی کشمیر میں جیش کا اعلیٰ کمانڈ ر تھا اور اْس کی ہلاکت سے ممنوع تنظیم کو شدید دھچکا لگا ہے۔
دریں اثنا سیکورٹی فورسز نے جنوبی کشمیر کے سعید آباد پستونہ ترال میں جنگجووں کی ایک کمین گاہ کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر کارروائی کرتے ہوئے فوج اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے ترال کے جنگلی علاقے پستونہ میں جنگجووں کی ایک کمین گاہ کو تباہ کردیا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران کمین گاہ سے کھانے پینے کی اشیاء اور دوسرا قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔
اْن کے مطابق اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر۱۴۰کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی۔
ادھر شمالی ضلع بارہ مولہ کے بانڈی بالا علاقے میں سیکورٹی فورسز نے ۱۴۷۰؍ اے کے گولیوں کے راؤنڈ برآمد کرکے ضبط کئے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد ۵۲ آر آر اور پولیس نے بارہ مولہ کے بانڈی بالا علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے کہاکہ تلاشی کارروائی کے دوران سیکورٹی فورسز نے۱۴۷۰ گولیوں کے راونڈ برآمد کئے۔
ذرائع کے مطابق اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی۔