سرینگر//
شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے پٹن علاقے میں جمعرات کے روز ایک سڑک حادثے میں دو افراد کی موت جبکہ تین دیگر زخمی ہوگئے ۔
ذرائع نے بتایا کہ بارہمولہ کے پٹن علاقے میں ہوٹل پوائنٹ کے نزدیک جمعرات کو ایک ٹرک اور ایک ماروتی ویگن آر کے درمیان زور دار ٹکر ہوگئی جس کے نتیجے میں دو افراد کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوگئی جبکہ تین دیگر زخمی ہوگئے ۔
متوفین کی شناخت محمد صدیق خان ولد عبدالعزیز خان اور محمد زمان خان ولد قمر زمان خان ساکنان بونیار اوڑی کے بطور ہوئی ہے ۔
پولیس اور وہاں موجود لوگوں نے زخمیوں کو ٹراما ہسپتال پٹن پہنچایا۔
دریں اثنا ایک پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
اس دوران جنوبی کشمیر کے ستورہ ترال علاقے میں سومو گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوئے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کے روز ستورہ سے ترال جا رہی ایک سومو گاڑی کنڈستان علاقے کے نزدیک ایک دیوار کے ساتھ جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار پانچ افراد زخمی ہو گئے ۔
آس پاس موجود لوگوں نے زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال پہنچایا جہاں سے دو کو مزید علاج ومعالجہ کی خاطر سری نگر ریفر کیا گیا۔
زخمیوں کی شناخت یونس احمد، رحتی زوجہ غلام قادر، ریشمہ زوجہ علی محمد، رفیقہ زوجہ غلام قادر ساکنان ستورہ اور مختیار لون ساکن کھریو پانپور کے بطور ہوئی ہے ۔
پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔