سرینگر//
سرینگر کے سونہ وار علاقے میں جمعرات کی صبح دریائے جہلم سے ریت نکالنے کے دوران ایک مزدور غرقآب ہوگیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سرینگر کے سونہ وار علاقے میں جمعرات کی صبح دریائے جہلم سے ریت نکالنے کے دوران ایک۲۲سالہ مزدور غر قآب ہوگیا۔
ذرائع نے کہا کہ واقعہ پیش آتے ہی ریور پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیم نے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے ۔
غرقآب ہونے والے مزدور کی شناخت محمد جعفر وانی ساکن بانہال کے بطور ہوئی ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ چند روز قبل ریور پولیس نے دریائے جہلم میں غرقآب ہونے والے دو کم سن بچوں کو بچالیا تھا۔
ادھرجموں کے کول کلان ارینا میں ایک دس سالہ لڑکا پیر پھسل جانے کے نتیجے میں نالہ ڈوب گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کمسن لڑکا دریا کے کنارے ٹہل رہا تھا کہ اچانک پیر پھسل جانے کے نتیجے میں وہ نالہ میں جا گرا۔انہوں نے بتایا کہ لڑکا کل شام گھر سے اچانک لاپتہ ہوا جس کے بعد اہل خانہ نے پولیس میں گمشدگی کی رپورٹ درج کی۔
اْن کے مطابق جمعرات کے روز پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ کمسن لڑکا نالہ میں جاگرا ہے جس کے بعد پولیس نے مقامی لوگوں کی مدد سے آپریشن شروع کیا اور لاش برآمد کی۔
کمسن لڑکے کی شناخت سمر سیانی ولد رنکو سیانی ساکن کول ارینا کے بطور ہوئی ہے۔قانونی اور طبی لوازمات پورے کرنے کے بعد میت وارثین کے حوالے کی گئی۔