نئی دہلی// ہندوستان کے سابق کپتان کپل دیو نے کہا کہ وراٹ کوہلی کو دوبارہ فارم میں آنے میں کافی وقت لگ رہا ہے۔ ان جیسے عظیم کھلاڑی کو فارم میں آنے میں اتنی دیر نہیں لگنی چاہیے۔
لیجنڈز لیگ کرکٹ میچ 16 ستمبر کو کولکتہ میں انڈیامہاراجہ اور ریسٹ آف دی ورلڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔ بی سی سی آئی کے صدر گانگولی مہاراجہ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ اس میچ سے ہونے والی کمائی کپل دیو کی این جی او کو جائے گی۔ ان کی این جی او لڑکیوں کی تعلیم پر کام کرتی ہے۔
کپل نے کہا کہ ملک میں خواتین کے کھیلوں میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ خواتین کھلاڑی بہت سے کھیلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ انہیں ہمارے تعاون کی ضرورت ہے۔
کوہلی نے پچھلے 3 سالوں سے کسی بھی فارمیٹ میں سنچری نہیں بنائی ہے۔ انکی خراب فارم پر کپل نے کہا، ‘کوہلی جیسے لیجنڈ کو فارم میں واپس آنے میں اتنا وقت نہیں لگانا چاہیے۔ ضروری نہیں کہ وہ فارم حاصل کرنے کے لیے سنچری اسکور کریں۔ انہیں صرف ایک موثر اننگز کھیلنے کی ضرورت ہے۔
کپل دیو نے کہا، ہاردک کی ٹیم میں واپسی اور فارم نے ہندوستانی ٹیم کو بہت مضبوط بنا دیا ہے۔ میں جڈیجہ کے لیے بھی یہی کہوں گا۔ دونوں بہترین گیند باز اور بلے باز ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین فیلڈر بھی ہیں۔
کپل نے کہا، ‘کپتانی میں اتنے تجربات نہیں کرنے چاہئیں۔ کپتانی میں بہترین متبادل استعمال کرنا چاہیے۔ پنت کو ایک وقت میں کپتان بنا دیا جاتا ہے اور پھر انہیں ایشیا کپ میں پلیئنگ 11 میں بھی شامل نہیں کیا جاتا ہے۔ یہ کس قسم کا تجربہ ہے؟ اس سے کھلاڑی کا حوصلہ کم ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ ہندوستانی بلے باز ویرات کوہلی بدھ کو ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں سب سے زیادہ اوسط کے ساتھ رنز سکور کرنے والے بلے باز بن گئے۔ انہوں نے یہ کارنامہ جاری ایشیاء کپ 2022ء کے دوران دبئی میں ہانگ کانگ کے خلاف اپنی ٹیم کے گروپ اے میچ کے دوران انجام دیا۔ اس میچ میں ویرات کوہلی نے اپنی پرانی فارم کی جھلک دکھائی اور 44 گیندوں پر 59 ناٹ آئوٹ رنز بنائے، جس میں ایک چوکا اور تین چھکوں شامل تھے۔
ویرات کوہلی نے اب تک 101 میچوں میں 50.77 کی اوسط سے 3402 رنز بنائے ہیں، ان کی اس فارمیٹ میں 31 نصف سنچریاں ہیں اور بہترین انفرادی سکور 94* کے ساتھ۔ اس کا سٹرائیک ریٹ 137.12 ہے۔ ویرات کوہلی نے پاکستانی بلے باز محمد رضوان کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جن کی 57 میچوں میں اوسط 50.14 ہے۔
ان کے بعد نیوزی لینڈ کے ڈیون کونوے (23 میچوں میں 47.20 کی اوسط)، پاکستان کے سٹار بلے باز بابر اعظم (75 میچوں میں 44.93 کی اوسط) اور ہندوستانی بلے باز منیش پانڈے (39 میچوں میں 44.31 کی اوسط) ہیں۔
کوہلی نے بدھ کو اپنی 31 ویں نصف سنچری بھی سکور کی جس کے ساتھ ہی انہوں نے روہت شرما کا ٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کا ریکارڈ برابر کیا۔ واضح رہے کہ ایشیاء کپ میں بھارت نے ہانگ کانگ کو شکست دیکر اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔