سرینگر//
شمالی کشمیر کے بومئی سوپور گاؤں میں بدھ کی شام کو سیکورٹی فورسز کے ساتھ ایک جھرپ میں دو مقامی ملی ٹنٹ مارے گئے جبکہ ایک عام شہری گولی لگنے سے زخمی ہوا جس کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس وجے کمار نے بتایا کہ بومئی سوپور میں جیش سے وابستہ دو جنگجو مارے گئے جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی۔
کمار نے تصادم کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ سوپور کے بومئی علاقے میں بدھ کی شام سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد تلاشی آپریشن شروع کیا۔
ان کا کہنا تھا ’’ جوں ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سلامتی عملے کی جوابی کارروائی میں جیش سے وابستہ دو ملی ٹینٹ مارے گئے‘‘۔
جاںبحق ملی ٹنٹوںکی شناخت سوپور کے محمد رفیع اور پلوامہ کے قیصر اشرف کے طور پر ہوئی ہے۔کمار نے مزید کہا کہ رفیع کے خلاف پہلے دو مرتبہ پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
اے ڈی جی پی نے کہا کہ دونوں عسکریت پسندوں کی درجہ بندی کی گئی تھی اور وہ سوپور علاقے میں عام شہریوں پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
اْن کے مطابق تصادم کے دوران ایک عام شہری زخمی ہوا جس کو علاج ومعالجہ کی خاطر سری نگر منتقل کیا گیا جہاں پر اْس کی حالت قدرے بہتر ہے۔
اس دوران پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شمالی کشمیر کے بومئی سوپور علاقے میں ملی ٹینٹوں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے اس علاقے کو اپنے محاصرے میں لے کر اْنہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔
ترجمان نے کہا کہ خود کو سلامتی عملے کے گھیرے میں پا کر ملی ٹینٹوں نے اندھا دھند گولیاں برسا کر فرار ہونے کی بھر پور سعی کی تاہم حفاظتی عملے کی کارگر حکمت عملی نے اْنہیں فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔
ترجمان کے مطابق کچھ عرصہ تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں دو جنگجو مارے گئے۔انہوں نے بتایا کہ تصادم کے دوران ایک مقامی شہری جس کی شناخت علی محمد گنائی ولد عبدالحد گنائی ساکن بومئی کے بطور ہوئی ہے گولی لگنے سے زخمی ہوا ہے۔
پولیس نے کہاکہ عام شہری کی ٹانگ میں گولی پیوست ہوئی اور اْس کی حالت مستحکم ہے۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں آپریشن جاری تھا۔