سرینگر/ 31اگست
غلام نبی آزاد کو موقع پرست سیاستدان قرار دیتے ہوئے جموں وکشمیر کانگریس کے سینئر لیڈر جی اے میر نے کہاکہ ’یہ کچھ عناصر تھے جو کانگریس میں ضرور تھے لیکن پارٹی کی بھلائی کے لئے کھبی بھی کام نہیں کیا‘۔
میر نے کہاکہ آزاد نے بھارتیہ جنتاپارٹی اور مودی جی کو خوش کرنے کےلئے ایسا کیا ۔
ان باتوں کا اظہار کانگریسی لیڈر نے اننت ناگ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
جموں کشمیر کانگریس کے سابق صدر نے کہاکہ غلام نبی آزاد جیسے مفاد پرست عناصر نے کانگریس پارٹی اور جو عہدے اُنہیں دئے گئے اس کو اپنے فائدے کےلئے استعمال کیا۔میر نے کہاکہ آزاد کی نیت میں پہلے سے کھوٹ تھی اور وہ پچھلے تین سالوں سے دائیں بائیں گھوم پھیر رہا تھا ۔
میر نے کہا” یہ کچھ عناصر تھے جو کانگریس پارٹی میں ضرور تھے لیکن کھبی بھی اس پارٹی کی بھلائی کے لئے کام نہیں کیا بلکہ اپنے مفادات کی تکمیل کی خاطر بڑے عہدوں پر فائز رہے “۔
جموں کشمیر کانگریس کے سابق صدرنے مزید کہا کہ آزاد جموں وکشمیر پکنک کے لئے آیا کرتا تھا اور اُس نے کھبی بھی دل کھول کر جموں وکشمیر کے لوگوں کی بات نہیں کی بلکہ ہمیشہ بڑے عہدوں پر براجمان رہا۔
اُن کے مطابق آزاد کو کانگریس نے بہت کچھ دیا، مرکزی وزیربھی رہے ، جنرل سیکریٹری ، جموں وکشمیر کا وزیر اعلیٰ اور بھی بہت سے عہدے لیکن بدلے میں آزاد نے پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔
میر کا مزید کہنا تھا کہ آزاد کی نیت میں کھوٹ تھی اور پچھلے دو سالوں سے اُس کے رویہ میں تبدیلی سب کے سامنے عیاں تھی۔انہوں نے کہاکہ جب اُنہیں جموں وکشمیر کا وزیر اعلیٰ بنایا گیا تب بھی انہوں نے پارٹی کو نقصان پہنچایا ۔
اُن کے مطابق جموں وکشمیر کے لوگوں کو اب اس بات کی پوری علمیت حاصل ہو گئی ہے کہ آزاد صاحب کس کے اشارے پر ناچ رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ آزاد کے چہرے سے پردہ اُٹھ گیا ہے ۔
جموں کشمیر کانگریس کے سابق صدر نے کہاکہ میں اس بات کا گواہ ہوں کہ غلام نبی آزاد کو جموں وکشمیر یونٹ کا صدر بنانے کا آفر دیا گیا لیکن انہوں نے اس کو ٹھکرا دیا۔
میر کا مزید کہنا تھا کہ غلام نبی آزاد نے بھاجپا اور مودی کو خوش کرنے کے لئے ہی ایسا کیا اور یہ سب کچھ اب لوگوں کے سامنے آشکار ہو ا ہے ۔