سرینگر//
انسداد دہشت گردی کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے نے آج کہا کہ اس نے ہندواڑہ منشیات دہشت گردی کیس کے سلسلے میں جموں و کشمیر (جے اینڈ کے) کے کپواڑہ سے ۱۲ ویں ملزم کو منشیات، نقدی اور اسلحہ اور گولہ بارود لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ذریعے سپلائی میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
ایجنسی کے ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ این آئی اے نے اتوار کو کپواڑہ ضلع کے رہنے والے ۴۵ سالہ عبدالرؤف بدان کو امروہی،ٹنگڈار علاقے کی ایل او سی سرحد کے ذریعے منشیات، نقدی اور اسلحہ اور گولہ بارود کی سپلائی کے معاملے میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا۔
این آئی اے اہلکار نے کہا’’وہ کالعدم دہشت گرد تنظیم ایل ای ٹی کے ماڈیول کا کلیدی آپریٹر ہے، جو پاکستانی ہینڈلرز کے کہنے پر کام کر رہا تھا۔ وہ ٹنگڈار اور ایل او سی، جموں و کشمیر کے دیگر مقامات پر پاکستانی ہینڈلرز سے منشیات کی کھیپ اکٹھی کر رہا تھا اور اسے کیس میں دیگر شریک ملزمان تک پہنچا رہا تھا‘‘۔
ابتدائی طور پر یہ کیس۱۱جون۲۰۲۰ کو ہندواڑہ پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا تھا اور بعد میں۲۳ جون۲۰۲۰ کو این آئی اے نے کیس کا دوبارہ اندراج کرکے اسے اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔
اس سے پہلے اس معاملے میں این آئی اے کی خصوصی عدالت‘جموں میں ۱۱ملزمان کے خلاف چارج شیٹ پیش کی گئی تھی۔اہلکار نے کہا کہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔