دبئی// قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے خواہش ظاہر کی ہے کہ ایشیا کپ میں ویرات کوہلی سنچری کریں لیکن وہ سنچری ہمارے خلاف نہیں ہونی چاہیے۔
آل راؤنڈر شاداب خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دو بولرز انجرڈ ہوگئے ہیں لیکن ٹیم کا ہر بولر میچ ونر ہے انجری کسی کے ساتھ بھی ہوسکتی ہے ہم شاہین اور وسیم جویئر کو مس کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پلیئنگ الیون کے کھلاڑی جب انجرڈ ہوں تو ٹیم میں کمی محسوس ہوتی ہے شاہین آفریدی کی طرح کوئی اور بولر ان کی طرح کا اسپیل کرے گا یہ انفرادی کھیل نہیں ٹیم گیم ہے۔
نائب کپتان نے کہا کہ ہندو پاک میچ کا دباؤ ہوتا ہے اس میچ میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی کو ہمیشہ یاد رکھا جاتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ویرات کوہلی لیجنڈ ہیں ہم نہیں چاہتیکہ وہ ہمارے خلاف لمبی اننگز کھیلیں۔
شاداب کا کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ وہ سنچری کریں لیکن ہمارے خلاف نہیں ایشیا کپ میں سنچری کریں وہ اب بھی اچھے پلیئر ہیں اور حریفوں کو وہ اب بھی ڈراتے ہیں، مجھے ان میں کوئی فرق نظر نہیں آیا وہ بڑے کھلاڑی ہیں۔