سرینگر//
پارلیمانی امور و ثقافت کے مرکزی وزیر‘ ارجن رام میگوال نے ہفتے کے روز کہا کہ کشمیر کے اہم تاریخی اور ثقافتی ورثا کو آنے والی نسلوں کے لئے محفوظ رکھنے کی خاطر اقدامات اْٹھائے جارہے ہیں۔
میگوال نے کہاکہ مرکزی معاونت والی اسکیموں کیلئے مخصوص فنڈز کی کسی کو بندر بانٹ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ان باتوں کا اظہار مرکزی وزیر نے اونتی پورہ دورے کے دوران کیا۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ ہفتے کے روز پارلیمانی امور و ثقافت کے مرکزی وزیر ارجن رام میگوال نے اونتی پورہ کے تاریخی مقامات کا دورہ کیا اور وہاں پر ہو رہے کام کاج کاجائزہ لیا۔
نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران مرکزی وزیر نے کہاکہ ہماری وزارت اہم تاریخی اور ثقافتی ورثا کو آنے والی نسلوں کے لئے محفوظ رکھنے کی خاطر زمینی سطح پر کام کررہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیر دورے کا مقصد مرکزی اسکیموں کی عمل آوری کا جائزہ لینا مقصود تھا تاکہ یہ دیکھا جاسکے کہ ان پیسوں کو کہاں پر خرچ کیا جارہا ہے۔
میگوال نے بتایا کہ جہاں تک مرکزی رقومات کا تعلق ہے تو میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ کسی کو بھی بندر بانٹ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اْن کے مطابق مرکزی حکومت جموں وکشمیر کے تاریخی مقامات کو تحفظ فراہم کرنے کی خاطر کوشاں ہے اور اس حوالے سے کئی اہم فیصلے بھی لئے جا چکے ہیں۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ موجودہ مرکزی حکومت نے جموں کشمیر میں تعمیر وترقی کا جال بچھایا جبکہ لوگوں کے مسائل حل کرنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اْٹھائے جارہے ہیں۔