تل ابیب//
ترکیہ میں اسرائیلی سفارت خانے کی ناظم الامور نے جمعہ کو کہا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ استنبول میں حماس کے دفتر کو بند کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ انقرہ میں سفیر کی دوبارہ تقرری کا عمل ہفتوں کے اندر اندر ہو سکتا ہے۔صحافیوں کے ساتھ ایک ملاقات میں انقرہ میں اعلیٰ اسرائیلی سفارت کار، ایرٹ لیلیان نے کہا کہ سفیر کی دوبارہ تقرری وقت کا معاملہ ہے، ثبوت یا تردید کا سوال نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کی طرف سے تاخیر کے امکان کی واحد وجہ اسرائیل میں انتخابات ہیں، لیکن مجھے امید ہے کہ یہ اقدام مناسب وقت پر کیا جائے گا اور یہ عمل چند ہفتوں میں مکمل ہو جائے گا۔”
اس ماہ کے شروع میں ترکیہ اور اسرائیل نے سفارتی تعلقات مکمل طور پر بحال کرنے اور طویل سفارتی ڈیڈ لاک ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
دونوں ممالک نے سنہ 2018 میں یروشلم میں امریکی سفارتخانہ کھولنے کے خلاف احتجاج اور غزہ کی سرحد پر احتجاج کے دوران اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں 60 فلسطینیوں کی ہلاکت کے بعد ترکیہ نے اسرائیل سے سفارتی روابط محدود کر دیے تھے۔
لیکن انہوں نے طویل عرصے سے کشیدہ تعلقات کو ٹھیک کرنے کے لیے کام کیا ہے۔