ماسکو//
ماسکو : یوکرین اور روس کے درمیان ہونے والی جنگ کے بعد روس کے عوام کا اپنے صدر ولادیمیر پوتن پر اعتماد مزید بڑھ گیا ہے، سروے میں دیگر اپوزیشن رہنماوں کی مقبولیت میں کمی سامنے آئی ہے۔
اس حوالے سے آل رشیا پبلک اوپینین ریسرچ سینٹر کی جانب سے شائع ہونے والی ایک سروے رپورٹ کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوتن پر روسی عوام کے اعتماد کی سطح گزشتہ ہفتے میں 1.2فیصد پوائنٹس کے اضافے سے 81.2فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
واضح رہے کہ مذکورہ سروے رواں ماہ 21-15اگست کو 18 سال سے زیادہ عمر کے 1,600جواب دہندگان پر مشتمل گروپ سے کیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جب روسی شہریوں سے پوچھا گیا کہ کیا وہ صدر پوتن پر بھروسہ کرتے ہیں، تو سروے کے 81.2فیصد شرکاء نے ہاں میں جواب دیا۔
روسی شہریوں کا کہنا تھا کہ روسی صدر جس طرح سے اپنی ذمہ داریوں کو سنبھال رہے ہیں وہ قابل اعتماد ہے، رائے شماری میں حصہ لینے والوں میں سے اکثریت نے روسی حکومت کے کام پر اظہار اطمینان کیا۔
اس کے علاوہ روسی شہریوں نے روسی وزیر اعظم میخائل میشوسٹن کے کام سے بھی اظہار اطمینان کیا۔ سروے کے مطابق تقریباً 62.9فیصد جواب دہندگان نے کہا کہ وہ روسی وزیر اعظم میخائل مشسٹین پر بھروسہ کرتے ہیں۔
سروے کے مطابق روسی حکمران سیاسی پارٹی یونائیٹڈ رشیا پارٹی کے لیے عوامی حمایت کی سطح 39.3فیصد رہی۔
روسی کمیونسٹ پارٹی کے لیے سطح 0.6فیصد پوائنٹس کی کمی سے 10.7فیصد اور نیو پیپلزپارٹی کے لیے 0.1فیصد پوائنٹس کی کمی سے 4.3فیصد رہ گئی۔
روسی لبرل ڈیموکریٹک پارٹی نے 0.8فیصد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا جو 8.6فیصد تک پہنچ گیا، جب کہ ’اے جسٹ رشیا فار ٹروتھ‘ کے لیے عوامی حمایت 5.4فیصد رہی۔