نئی دہلی//
ریپبلکن پارٹی آف انڈیا کے صدر اور سماجی انصاف و تفویض اختیارات کے وزیر مملکت رام داس اٹھاولے نے ہفتہ کے روز کہا کہ غلام نبی آزاد کو طویل عرصے کے بعد آزادی ملی ہے ، اب انہیں ملک کی ترقی کے لیے نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے ) میں شامل ہونا چاہئے ۔
اٹھاولے نے کہا کہ آزاد کو کانگریس پارٹی میں وہ عزت نہیں مل رہی تھی جس کے وہ حقدار تھے اور وہ آئے دن الزامات اور جوابی الزامات کا سامنا کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کا کانگریس پارٹی سے استعفیٰ دینا یقیناً ایک خوش آئند قدم ہے ۔
مرکزی وزیر نے کہا’’جب غلام نبی آزاد کی راجیہ سبھا میں میعاد ختم ہوئی تو میں نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ آپ کو اب کانگریس کے ساتھ نہیں رہنا چاہئے اور این ڈی اے میں شامل ہونا چاہئے ‘‘۔
اٹھاولے نے کہا کہ جب آزاد کو راجیہ سبھا سے الوداع کہا گیا، تو وزیر اعظم نریندر مودی نے ایوان میں ان کی تعریف کی تھی اور اس دوران وزیر اعظم نے کہا تھا کہ اقتدار اور منصب زندگی میں آتا جاتا رہتا ہے ، لیکن اسے کیسے سنبھالیں؟ یہ غلام نبی آزاد سے سیکھنا چاہیے ۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ اگر ہم کانگریس پارٹی کی موجودہ حالت کو دیکھیں تو کانگریس مسلسل ٹوٹ رہی ہے ۔انہوں نے کہا’’ شرد پوار‘ ممتا بنرجی کے بعد غلام نبی آزاد کی رخصتی کانگریس پارٹی میں بڑی پھوٹ کا سبب بن سکتی ہے‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور سماج کی ترقی کیلئے آزاد کو این ڈی اے سے وابستہ ہونا چاہئے ۔