کوئٹو //
سپین کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار ،سب سے زیادہ 22گرینڈ سلام کے فاتح اور سابق عالمی نمبرایک رافیل نڈال رواں سال نومبر میں ایکواڈور کے دارالحکومت کوئٹو میں ایک نمائشی ٹینس کا میچ کھیلیں گے۔ چینی خبر رساں ادارے نے ایکواڈور کے سابق ٹینس کھلاڑی نکولس لاپینٹی کے حوالے سے بتایا کہ یہ ایونٹ طے شدہ پروگرام کے تحت رواں سال27 نومبر کو رومی نہوئی کولیزیم سپورٹس ارینا میں کھیلا جائے گا جہاں پر 15ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے ۔
36 سالہ رافیل نڈال نے ایک پریس کانفرنس کے دوران دکھائی گئی ویڈیو میں کہا کہ لاطینی امریکی عوام نے ہمیشہ میرا خیر مقدم کیا ہے اور پہلی بار اس ملک کا دورہ کرنا میرے لیے ایک اعزازہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ میچ کا دن ایک ناقابل فراموش دن ثابت ہوگا۔نڈال جو اس وقت مردوں کے سنگلز مقابلوں کی اے ٹی پی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ہیں، اس وقت رواں سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن کی تیاریوں میں مصروف ہیں جو 29 اگست سے 11 ستمبر تک امریکا میں کھیلا جائے گا۔ \932