اسلام آباد// روایتی حریف ہندوستان اور پاکستان چھ ملکی ٹورنامنٹ کے گروپ اے کے میچ میں آمنے سامنے ہوں گے لیکن قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف کی نگاہیں اس میچ سے آگے مرکوز ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق محمد یوسف نے تربیتی سیشن کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا پہلا مقصد ایشیا کپ جیتنا ہے اور ہماری پوری توجہ اسی پر مرکوز ہے، جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا پاکستان ٹیم ہند۔پاک مقابلے کے لیے تیار ہے؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ہماری تیاری پورے ٹورنامنٹ کی ہے، ہماری توجہ صرف ہند-پاک میچ پر نہیں بلکہ ہمارا مقصد پورا ٹورنامنٹ جیتنا ہے۔
پاکستان نے گزشتہ سال اکتوبر میں ٹی20 ورلڈ کپ میں ہندوستان کو شکست دی تھی جو ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان کی روایتی حریف کے خلاف پہلی فتح تھی۔
محمد یوسف کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑی خود اعتمادی کے ساتھ ایشیا کپ میں اچھا پرفارم کریں گے، گزشتہ سال آسٹریلیا کے ہاتھوں ورلڈکپ میں سیمی فائنل ہارنے کے بعد بابر اعظم نے اپنے آخری 4 انٹرنیشنل ٹی20 میچز میں سے 3 میچز جیتے، بابر کی زیر قیادت قومی ٹیم نے ون ڈے میچز میں ویسٹ انڈیز کے بعد نیدر لینڈ کو بھی کلین سوئپ کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کھلاڑی پرفارم کررہےہیں اور میچ بھی جیتیں گے، اگر ہم کوچنگ اسٹاف کے کردار کی بات کریں تو ہم کھلاڑیوں کے ساتھ بھرپور تعاون کررہے ہیں تاکہ وہ میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔
محمد یوسف نےکپتان بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم میدان میں اور کپتان کے طور پر بہترین پرفارم کررہے ہیں۔
محمد یوسف کا کہنا تھاکہ بابر نے ثابت کرکے دکھایا ہےکہ وہ ٹاپ کرکٹر ہیں، انہوں نے اپنی عظمت سے ثابت کیا کہ وہ ہر طرح کے دباؤ کی صورت میں بہت اچھا پرفارم کرسکتے ہیں۔
فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی انجری کے باعث ایشیا کپ سے باہر ہوگئے ہیں تاہم محمد یوسف نے اس پر تبصرے سے گریز کیا کہ شاہین آفریدی کی جگہ محمد حسنین کی واپسی ٹیم کے لیے کیسی ثابت ہو گی۔ان کا کہنا تھا کہ ’یہ میرا شعبہ نہیں ہے، آپ کو اس بارے میں ہیڈ کوچ یا باؤلنگ کوچ سے پوچھنا پڑے گا۔