جموں/ 25اگست
جموں کشمیر میں دراندازی کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ کے بیچ کنٹرول لائن(ایل او سی) پر ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔
بتادیں کہ پچھلے تین روز کے دوران سیکورٹی فورسز نے لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر چار داندازی کی کوششوں کو ناکام بنایا ہے ۔
دفاعی ذرائع نے بتایاکہ حد متارکہ اور بین الاقوامی کنٹرول لائن پر مزید چوکسی بڑھائی گئی ۔
ذرائع نے بتایا کہ جموں کے ساتھ ساتھ کشمیر میں بھی دراندازی کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جس کے پیش نظر سرحدوں پر تعینات افواج کو چو بیس گھنٹے متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
دفاعی ذرائع نے بتایا”ہم الرٹ ہیں۔ ہم دراندازوں کو سرحد کے اس پار داخل ہونے میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ جو دراندازی کرنے میں کامیاب ہوں گے ان کو کشمیری عوام کی مدد سے ہلاک کیا جائے گا“۔
ان کاکہنا تھا”پاکستان ہمیشہ کی طرح دراندازی کرنے کی کوششیں کررہا ہے لیکن بی ایس ایف بھی ہمیشہ کی طرح الرٹ ہے ، ہم بھی پوری طرح مستعد اور تیار ہیں“۔انہوں نے کہا کہ ہم سرحد پر بھی اور اندر بھی چاق وچوبند ہیں اور موصولہ اطلاعات کی بنیاد پر درندازی کی کوششوں کو ناکام کرتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سرحدوں پر تعینات افواج کو جدید آلات فراہم کئے گئے ہیں جس سے وہ رات کے دوران بھی دراندازوں کی حرکات و سکنات پر نظر گزر رکھ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پچھلے تین روز کے دوران جموں اور کشمیر میں چار دراندازی کے واقعات کو ناکام بنایا گیا جس دوران ایک پاکستانی فدائین کو زخمی حالت میں حراست میں لیا گیا۔