ممبئی// ہندوستان کے سابق بلے باز اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) کے سربراہ وی وی ایس لکشمن راہل دراوڑ کی غیر موجودگی میں ایشیا کپ 2022 کے لئے ہندوستان کے عبوری ہیڈ کوچ ہوں گے۔ بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سکریٹری جے شاہ نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔
ہندوستانی ٹیم کے مستقل کوچ راہل دراوڑ کا منگل کو کورونا ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد وہ ایشیا کپ کے لیے ٹیم کے ساتھ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) روانہ نہیں ہوسکے۔
جے شاہ نے یہاں جاری ایک ریلیز میں کہا، ” زمبابوے میں کھیلی گئی ون ڈے سیریز میں ہندوستانی ٹیم کے ساتھ سفر کرنے والے لکشمن ، دراوڑ کی غیرموجودگی میں ٹیم کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ دراوڑ کے کورونا سے صحت یاب ہونے اور بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم کے ذریعہ منظوری ملنے کے بعد ٹیم میں شامل ہوجائیں گے۔”
لکشمن ہرارے سے سفر کرکے نائب کپتان کے ایل راہل، دیپک ہڈا اور اویس خان سمیت دبئی میں ٹیم کے ساتھ شامل ہوچکے ہیں۔”