نئی دہلی// آئی پی ایل فرنچائزی پنجاب کنگز نے جمعرات کو لیگ کے اگلے سیزن سے قبل ٹیم کی کپتانی میں ممکنہ تبدیلی کی افواہوں کو مسترد کردیا۔ اس ہفتے کے شروع میں یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ ٹیم کے کپتان میانگ اگروال کو آئی پی ایل 2023 سے پہلے ڈراپ کیا جا سکتا ہے اوران کی جگہ انگلینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز جونی بیرسٹو کو کپتانی سونپی جا سکتی ہے۔
گزشتہ سیزن میانک کے لیے مایوس کن رہا تھا۔ وہ 12 اننگز میں 16.33 کی اوسط سے صرف 196 رنز بنا سکے تھے۔ اس دوران ان کی اوسط 122.5 رہی۔ وہ اپنی ٹیم کے ٹاپ پانچ بلے بازوں میں بھی شامل نہیں تھے۔ان کی کپتانی کی بات کریں تو پنجاب کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں چھٹے نمبر پر تھی۔ جارح بلے بازوں پر مشتمل کھلاڑیوں کے باوجود ٹیم پلے آف تک نہیں پہنچ سکی تھی۔
پنجاب کنگز نے باقاعدہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا، ’’پنجاب کنگز کی فرنچائز کی کپتانی سے متعلق رپورٹ بہت سی اسپورٹس ویب سائٹس نے شائع کی ہے۔ ہم یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ٹیم کے کسی افسران نے اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔” میانک اگروال کو آئی پی ایل 2022 سے قبل ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا۔ انہیں کے ایل راہل کی جگہ یہ ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ راہل نئی ٹیم لکھنؤ کے کپتان بنے تھے۔
میانک فی الحال کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن ٹی 20 لیگ میں کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے بنگلورو بلاسٹرز کے لیے 11 اننگز میں 480 رنز بنائے ہیں۔ان کا اوسط 53.33 اور اسٹرائیک ریٹ 167.24 ہے۔ میانک نے دو سنچریاں بھی اسکور کی ہیں۔ میانک کی شاندار بلے بازی نے ان کی ٹیم کو بنگلورو بلاسٹرس ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچا دیا ہے، جہاں ان کا مقابلہ گلبرگ میسٹکس یا میسور واریئرز سے ہوگا۔