ٹوکیو// ہندوستان کی اسٹار کھلاڑی سائنا نہوال نے بیڈمنٹن ورلڈ فیڈریشن (بی ڈبلیو ایف) ورلڈ چمپئن شپ 2022 میں منگل کو ابتدائی راؤنڈ میں ہانگ کانگ کی چیونگ نیان یی کو دو-صفر سے شکست دے کراپنی مہم کا شاندار آغاز کیا۔
ورلڈ چمپئن شپ 2015 کی چاندی کا تمغہ جیتنے والی سائنا نے ٹوکیو میٹروپولیٹن جمنازیم میں نیان یی کو 38 منٹ میں 21-19، 21-9 سے شکست دی۔
سائنا کا دوسرے راؤنڈ میں جاپان کی نوزومی اوکوہارا سے مقابلہ ہونا تھا لیکن اوکوہارا کے نام واپس لینے کے بعد ہندوستانی کھلاڑی براہ راست پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔ پری کوارٹر فائنل میں ان کا مقابلہ تھائی لینڈ کی بوسانان اونگبامرنگفن اور جرمنی کی یوون لی کے درمیان دوسرے راؤنڈ کی فاتح سے ہوگا۔
سائنا خواتین کے سنگلز مقابلوں میں عالمی چیمپئن شپ میں پہنچنے والی واحد ہندوستانی کھلاڑی ہیں۔ ان کے علاوہ 2019 کی چیمپئن پی وی سندھو ٹخنے کی چوٹ کی وجہ سے مقابلے سے باہر ہوگئیں، جب کہ نوجوان مالویکا بنسوڑ پہلے راؤنڈ میں ڈنمارک کی لائن کرسٹوفرسن سے ہارنے کے بعد مقابلے سے باہر ہوگئی تھیں۔
سائنا نہوال کے علاوہ ترشا جولی اور گایتری گوپی چند کی ہندوستانی جوڑی نے پہلے راؤنڈ میں ملائیشیا کی لو ین یوان اور ویلری سیو کو 21-11، 21-13 سے شکست دے کر خواتین کے ڈبلز کے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔ ترشا-گایتری اب دوسرے راؤنڈ میں ملائیشیا کی دولت مشترکہ کھیلوں کی چمپئن جوڑی ٹین پرلی اور ٹینا مرلی دھرن سےمقابلہ کریں گی۔
دوسری جانب خواتین کے ڈبلز میں اشونی بھٹ اور شیکھا گوتم کی جوڑی نے اٹلی کی مارٹینا کورسینی اور جوڈتھ میئر کو 21-8، 21-14 سے شکست دے کر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی ۔
تاہم مکسڈ ڈبلز میچ میں ہندوستان کو مایوسی ملی۔ جہاں ایشان بھٹناگر اور تنیشا کرسٹو کی جوڑی دوسرے راؤنڈ میں تھائی لینڈ کی سوپاک جومکوہ اور سوپیسارا پوسمپران سے 14-21، 17-21 سے ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔
وینکٹ پرساد اور جوہی دیوانگن کی مکسڈ ڈبلز جوڑی کو بھی ابتدائی راؤنڈ میں انگلینڈ کے گریگوری میئرز اور جینی مور سے 10-21، 21-23 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
فرانس کے فیبین ڈیلور اور ولیم ویلگر نے پہلے راؤنڈ میں کرشنا پرساد گرگ اور وشنو وردھن پنجلا کی ہندوستانی مرد جوڑی کو 21-14، 21-18 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کا راستہ دکھایا۔